104
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دو دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، شہید ہونے والوں میں 26 سالہ وقاص شاہ اور 24 سالہ باسط علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کا سلسلہ جاری رہے گا۔