اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) یورپی طاقتوں نے یوکرین میں جاری جنگ کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
برطانیہ، فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ امن قائم کرنے کے لیے جنگ بندی ناگزیر ہے، اس کے بغیر کسی بڑے معاہدے کی راہ ہموار نہیں ہو سکتی۔برطانوی وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ "یوکرین کے مستقبل کے لیے سب سے پہلے سکیورٹی گارنٹی فراہم کرنا ہوگی، اسی صورت میں حقیقی پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔ آج کے مذاکرات سے بڑے بریک تھرو کی امید ہے۔”فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بھی زور دیا کہ یورپ کے تمام ممالک کو اجتماعی سکیورٹی کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں امن قائم رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی ممالک مشترکہ طور پر یوکرین کو سکیورٹی گارنٹی دینے کے لیے تیار ہیں۔ادھر جرمن چانسلر نے کہا کہ "ہم سب یہی چاہتے ہیں کہ جنگ کا خاتمہ ہو، یہ ملاقات یقینی طور پر مددگار ہے، لیکن آنے والے اقدامات کہیں زیادہ پیچیدہ ہوں گے۔”
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "جنگوں کے دوران ہزاروں بے گناہ افراد مارے جاتے ہیں، اس لیے ہم سب کو مل کر امن کے قیام کے لیے کوششیں کرنی ہوں گی۔”انہوں نے مزید کہا کہ دنیا یوکرین جنگ سے اکتا چکی ہے اور سب چاہتے ہیں کہ اس کا خاتمہ ہو۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حال ہی میں ان کی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑی جنگ کو روکا گیا۔