اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) برطانوی حکومت نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے پر ایران کے ایک ادارے
اور 10 اعلیٰ شخصیات پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایران میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف سخت مؤقف کا اظہار ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پابندیوں کا نشانہ بننے والی ایرانی شخصیات اور ادارہ ایسے اقدامات میں ملوث پائے گئے ہیں جو بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جن میں سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور مظاہرین کے خلاف سخت کارروائیاں شامل ہیں۔برطانوی حکومت کے مطابق نئی پابندیوں کے تحت فہرست میں شامل افراد اور ادارے کے برطانیہ میں موجود تمام اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے، جبکہ ان شخصیات پر برطانیہ کے سفر پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی۔ اس کے علاوہ برطانوی شہریوں اور اداروں کو ان افراد یا ادارے کے ساتھ کسی بھی قسم کے مالی یا تجارتی روابط قائم کرنے سے روک دیا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برطانیہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہے گا اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا جو آزادی اظہار، بنیادی حقوق اور انسانی وقار کو پامال کرتے ہیں۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پابندیاں ایران اور مغربی ممالک کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید تناؤ کا باعث بن سکتی ہیں، جبکہ ایران کی جانب سے اس اقدام پر ردعمل آنے کا بھی امکان ہے۔ٍ