اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان اور یوکرین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد پہلی بار یوکرین کے وزیر خارجہ Dmytrokuliba آج سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔ توقع ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری آئے گی
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔
دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یوکرین کے وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
یوکرین کے وزیر خارجہ کے متوقع دورہ پاکستان کے حوالے سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے حوالے سے کئی سوالات اٹھنے کا امکان ہے اور اس کا روس، بھارت اور مغربی ممالک بغور جائزہ لیں گے۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے روس یوکرین تنازع میں ہمیشہ غیرجانبداری برقرار رکھی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ اس کی جانب سے کوئی منفی پیغام نہ جائے