اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پولیور کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی بہت آگے بڑھ چکی ہے،نظام ٹوٹچکا ہے
کھانے پینے کی اشیاء، مکانات اور ایندھن کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ اس وقت ملک کا پورا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ یہ باتیں قدامت پسند رہنما پیئر پولیور نے بدھ کو میڈیا کے سامنے کہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 40 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے، 35 سال کے بچے اپنے والدین کے گھروں کے تہہ خانے میں رہنے پر مجبور ہیں اور ایندھن کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبرل حکومت اور وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اس سب کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ اگر کنزرویٹو حکومت برسراقتدار آتی ہے تو یہ تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
بدھ کو وینکوور کی ایک سپر مارکیٹ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، پولیور نے منشیات کی لت، جرائم اور بے گھر افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے یہ سب نہیں دیکھ سکتے۔ ہمیں ملک کو دوبارہ پٹڑی پر لانا ہے۔ اس لیے ہمیں حکومت کے اخراجات اور مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سب کچھ وفاقی پالیسی میں تبدیلیوں کے ذریعے کیا جا سکتا ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب اقتدار کی باگ ڈور کنزرویٹو کے ہاتھ میں آجائے۔