اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی ریاست ہوائی کی کاؤنٹی ماوئی کے جنگلات میں خوفناک آگ لگنے سے پورا تاریخی قصبہ لہینا جل کر راکھ ہو گیا جب کہ مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 53 ہوگئی۔
ریاست ہوائی سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹر برائن شیٹز نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ لاہینا قصبہ تقریباً مکمل طور پر جل چکا ہے، وہاں اب بھی بڑی آگ ہے اور فائر فائٹرز ابھی تک آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق آگ سے سینکڑوں عمارتیں مکمل طور پر جل گئیں، تیز ہوا کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق ایسی اطلاعات ہیں کہ تیز ہواؤں کے باعث پھیلنے والے شعلوں سے بچنے کے لیے متعدد افراد نے سمندر میں چھلانگیں لگا دی تھیں جن میں سے متعدد افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
ماؤئی کاؤنٹی کے میئر رچرڈ بسن جونیئر نے کہا کہ کئی گھر اور کاروبار مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں، جب کہ 12000 کی آبادی والے قصبے لہینا کے ایک رہائشی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ساحل پر موجود تمام کشتیاں بھی جل کر خاکستر ہو گئیں۔ اور کشتیوں کا جلنا کسی جنگی فلم کا منظر لگتا تھا۔
امریکی ریاست ہوائی کی ماؤ کاؤنٹی کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے سینکڑوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر بائیڈن نے ہوائی کے جنگلات میں لگنے والی آگ کو بڑا سانحہ قرار دیا۔امریکی میڈیا کے مطابق 2018 کے بعد امریکا کے جنگلات میں یہ دوسری بڑی آگ ہے، 2018 میں کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے 85 افراد ہلاک ہوئے تھے۔