اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکا نے سری لنکا کے سابق نیول چیف اور موجودہ گورنر پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کی بنیاد پر سری لنکا کے سابق نیول چیف اور گورنر وسانتھا کرن نگوڈا کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سابق بحریہ کے سربراہ کو طویل خانہ جنگی کے دوران قتل، تاوان کے لیے بچوں اور دولت مند افراد کو اغوا اور قتل کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بحریہ کے سربراہ پر 2021 میں انسانی حقوق کے ایک گروپ نے فرد جرم عائد کی تھی جب وسانتھا کو صدر گوتابایا راجا پاکسے نے شمال مغربی صوبے کا گورنر مقرر کیا تھا۔وسانتھا کرن نگوڈا سری لنکا کے ڈیفنس چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جب 2009 میں تامل باغیوں کو شکست ہوئی تھی۔امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلینکن کا کہنا ہے کہ وسانتھا کرن نگوڈا کے خلاف الزامات بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث ہیں جو انتہائی سنگین ہیں، اس لیے گورنر اور ان کی اہلیہ کو امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔