اردو ورلڈ کینیڈٓا ( ویب نیوز) آسٹریلیا میں فوجی مشقوں کے دوران امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔
یہ حادثہ شمالی آسٹریلیا میں ڈارون سے 60 کلومیٹر دور میل ویل آئی لینڈ کے قریب پیش آیا۔
اوسپرے وی 22 ہیلی کاپٹر میں 23 امریکی فوجی سوار تھے اور حادثے کے نتیجے میں 3 فوجی ہلاک جب کہ 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔آسٹریلیا کی وزارت دفاع کے مطابق یہ حادثہ آسٹریلیا، امریکا، مشرقی تیمور، انڈونیشیا اور فلپائن کی افواج کی مشترکہ تربیتی مشقوں کے دوران پیش آیا۔آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اسے ایک "افسوسناک” سانحہ قرار دیا، لیکن اس کی تفصیل بتانے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ حادثے سے متاثرہ افراد کو بچانے پر ہے۔مقامی پولیس کے مطابق 5 امریکی فوجیوں کو علاج کے لیے ڈارون منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ باقی کو معمولی زخم آئے ہیں جنہیں جائے حادثہ پر ہی طبی امداد دی گئی۔چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے حالیہ برسوں میں امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان فوجی شراکت میں اضافہ ہوا ہے۔