تفصیلات کے مطابق چار روز قبل چوہدری پرویز الٰہی نے عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی حکام، یورپی یونین کے نمائندوں اور آئی ایم ایف کے وفد نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی۔
پرویز الہیٰ کے دعوے کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ اور محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے کسی غیر ملکی نے ملاقات نہیں کی، چیئرمین پی ٹی آئی سے صرف ان کے اہل خانہ اور وکلا نے ملاقات کی۔
ترجمان نے کہا تھا کہ پرویز الٰہی اور عمران خان دونوں ایک ہی جیل میں ہیں لیکن ان کے سیل کے درمیان پانچ سو میٹر کا فاصلہ ہے اور وہ اب تک ایک دوسرے سے نہیں ملے۔
اب پنجاب حکومت کے ترجمان عامر میر نے پرویز الٰہی کے بیان ‘حال ہی میں سینئر امریکی حکام کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں کسی امریکی اہلکار نے عمران خان سے ملاقات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں کسی بھی قیدی سے ملاقات کے لیے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور صوبائی محکمہ داخلہ کی اجازت ضروری ہے، تاہم کسی غیر ملکی سفارت کار کی جانب سے عمران سے ملاقات کی کوئی درخواست نہیں آئی اور نہ ہی ایسی کوئی ملاقات ہوئی۔ .
عامر میر نے مشورہ دیا کہ پرویز الٰہی جھوٹی کہانیاں گھڑنے سے گریز کریں۔