اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی معاون وزیر برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لو نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی حمایت پر توجہ دی جارہی ہے۔امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں پیشی کے موقع پر ڈونلڈ لو نے کہا کہ امریکی صدر نے پاکستان کے لیے 10 ملین ڈالر امداد کی درخواست کی ہے۔انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ یہ رقم پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ، معاشی اصلاحات اور قرضوں سے نجات کے لیے دی جائے گی۔
ڈونلڈ لو نے کہا کہ امدادی رقم سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں خواتین اور اقلیتی گروپوں کی صورتحال تشویشناک ہے۔ڈونلڈ لو نے کہا کہ طالبان حکومت کے ساتھ تعلقات اس وقت تک معمول پر نہیں آسکتے جب تک افغان شہریوں کے حقوق کا احترام نہیں کیا جاتا۔