اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امریکا کے ایک وفاقی جج نے صدر ٹرمپ کے شہریت کے پیدائشی حق کو منسوخ کرنے کے حکم کو عارضی طور پر معطل کردیا۔
میڈیا کے مطابق 25 منٹ کی سماعت کے دوران وفاقی جج نے انتظامیہ کے وکیل سے پوچھا کہ جب ٹرمپ کی ٹیم صدارتی حکم نامے کا مسودہ تیار کر رہی تھی تو وکلاء کہاں تھے۔انہوں نے کہا کہ اس حکم نامے کی آئینی حیثیت کی وکالت کا دعویٰ حیران کن ہے۔ چودھویں ترمیم کے تحت امریکہ میں پیدا ہونے والا تقریباً ہر بچہ خود بخود شہریت کا حقدار ہو جاتا ہے۔ جج نے صدر ٹرمپ کے اقدام کو مکمل طور پر غیر آئینی قرار دیا۔ صدارتی حکم نامہ مزید کارروائی تک 14 دن کے لیے معطل کر دیا گیا۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد شہریت کا پیدائشی حق منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد 18 امریکی ریاستوں نے ٹرمپ کے اس اقدام کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔ ایریزونا، الینوائے، اوریگون اور واشنگٹن ریاستیں اس معاملے کو عدالت میں لے گئیں۔