اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان نے امریکی پابندیوں کو امتیازی سلوک قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے امریکی پابندیوں پر ردعمل میں کہا ہے کہ نجی تجارتی کمپنیوں پر امریکی پابندیاں افسوسناک ہیں۔ اس اقدام سے خطے کے تزویراتی استحکام پر خطرناک اثرات مرتب ہوں گے۔ ماضی میں بغیر ثبوت کے اور محض شک کی بنیاد پر پابندیاں لگائی جاتی تھیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکا نے دیگر ممالک کو جدید فوجی ٹیکنالوجی رکھنے کی اجازت دی۔ دوہرا معیار جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے ہدف کو کمزور کرتا ہے۔ پاکستان کی سٹرٹیجک صلاحیتوں کا مقصد اپنی خودمختاری کا دفاع کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، پاکستانی میزائل پروگرام خطے میں استحکام اور طاقت کے توازن کے لیے ہے، سٹریٹجک پروگرام پر پاکستانی عوام کے مقدس اعتماد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔