اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)امریکہ نے کہا ہے کہ اس نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو آزادانہ اور شفاف انتخابات کے لیے حمایت کا یقین دلایا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان میں کسی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتا اور پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد جاری رکھے گا۔
اس سے قبل امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر کرس وان ہیلن نے بھی کہا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ پاکستانی سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی۔ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستانی سیاست سے متعلق کسی چیز کو انجینئر کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔
امریکی سینیٹر کرس وان ہیلن نے مزید کہا کہ یہ پاکستانی عوام پر منحصر ہے کہ وہ اپنے قائدین کا فیصلہ کریں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ پاکستانی عوام کی مرضی سنی جائے اور اس کی عکاسی کی جائے اور پاکستان میں انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ امریکا، دیگر جمہوریتیں اور پاکستانی عوام آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں دلچسپی رکھتے ہیں، بائیڈن انتظامیہ پاکستان کے ساتھ انتہائی مضبوط اور دوطرفہ تعلقات چاہتی ہے، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات دنیا بھر میں استحکام اور سلامتی کے لیے اہم ہیں۔ .