اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکا کی کرکٹ رکنیت معطل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ آئی سی سی بورڈ کی حالیہ میٹنگ میں کیا گیا، جس کے مطابق یو ایس اے کرکٹ مسلسل اپنے آئین کی خلاف ورزی اور گورننس سسٹم قائم کرنے میں ناکامی کے باعث نیشنل گورننگ باڈی کا درجہ برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق امریکا کی کرکٹ باڈی کو کئی مواقع فراہم کیے گئے تاکہ وہ اپنے انتظامی اور آئینی ڈھانچے کو بہتر بنا سکے، تاہم خاطر خواہ پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے معطلی کا قدم اٹھانا پڑا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ فیصلہ نہایت سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے اور اس کا مقصد امریکا میں کرکٹ کے مستقبل کو بہتر سمت دینا ہے۔
ادارے نے واضح کیا کہ رکنیت معطل ہونے کے باوجود امریکا کی قومی ٹیم انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کے لیے اہل رہے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ امریکا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی شرکت برقرار رکھے گا، جہاں وہ بھارت، سری لنکا اور دیگر شریک ممالک کے خلاف میدان میں اترے گا۔اہم نکتہ یہ بھی سامنے آیا ہے کہ معطلی کے بعد امریکا کی قومی ٹیم کا انتظامی اور مالیاتی امور براہِ راست آئی سی سی سنبھالے گی تاکہ کھلاڑیوں اور کھیل کے تسلسل پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔واضح رہے کہ امریکا میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی کے بعد اس کھیل کے مستقبل کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت تھی، مگر داخلی سطح پر انتظامی بحران نے آئی سی سی کو یہ سخت اقدام اٹھانے پر مجبور کر دیا۔