اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مسافروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ایران نے پروازوں کے دوران پیجر اور واکی ٹاکیز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ۔ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اس پابندی کو نافذ کرنے کا فیصلہ لبنان میں واکی ٹاکیز اور گھڑے پر حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ اور خود ایران نے بھی ان حملوں کا الزام اسرائیل پر عائد کیا تھا۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کی سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمرشل پروازوں کے دوران طیاروں میں موبائل فون کے علاوہ کسی بھی مواصلاتی آلات کو لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ کیبن یا کارگو طیاروں میں ان آلات کا استعمال ممنوع ہوگا۔واضح رہے کہ ایران کا یہ فیصلہ لبنان میں ایران سے وابستہ تنظیم حزب اللہ گروپ کے ارکان کو نشانہ بنانے والے حملوں کے تین ہفتے بعد آیا ہے۔