اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان 1971 کے آبی ذخائر کے عالمی معاہدے کا رکن ہے اور ملک کے قابلِ بھروسہ آبی ذخائر قومی بقا کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آبی ذخائر خشک سالی، سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں پاکستانیوں کے لیے آبی ذخائر روزگار اور روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہیں، اور ان کا تحفظ انفرادی و اجتماعی سطح پر سماجی فلاح و بہبود کا ضامن ہے۔
شہباز شریف نے سندھ طاس معاہدے کے منصفانہ اور مکمل نفاذ پر بھی زور دیا اور کہا کہ پانی کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرنے کی کوئی بھی کوشش عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آبی ذخائر کو قومی، ماحولیاتی، سماجی اور ثقافتی اثاثہ سمجھتے ہوئے ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ ساتھ ہی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر آبی ذخائر کے منصفانہ، قانونی اور پرامن استعمال کے فروغ کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔