اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)سرے کے شیرٹن وینکوور گلڈ فورڈ ہوٹل میں 140 سے زائد ہوٹل ملازمین نے ہفتے کے روز کام چھوڑ دیا۔ یونین یونیفور لوکل 3000 سے وابستہ ان کارکنان کا کہنا ہے کہ وہ اپریل 2024 سے بغیر کسی باقاعدہ معاہدے کے کام کر رہے ہیں، اور ایک سال سے زائد جاری مذاکرات کے بعد پیش کیے گئے عبوری معاہدے کو انہوں نے مسترد کر دیا ہے۔
یونین کی قومی صدر لانا پینے نے کہا کہ یہ ہڑتال "منصفانہ سلوک، عزت اور معاشی انصاف” کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا:
"ہمارے ممبران بہتر کے مستحق ہیں اور وہ اپنی اجرت کو بہتر بنانے کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ ان لوگوں نے مہمان نوازی کی صنعت کے مشکل ترین سالوں میں ہوٹل کو چلتا رکھا، اب وہ لوئر مین لینڈ میں بڑھتی مہنگائی کے مقابلے میں مناسب معاوضے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔”
یونیفور ویسٹرن کے ریجنل ڈائریکٹر گیون میک گیریگل کا کہنا ہے کہ یہ ہڑتال صرف اس ہوٹل کے لیے نہیں بلکہ پورے مہمان نوازی کے شعبے کے کارکنوں کے لیے ایک اجتماعی جدوجہد ہے۔
ہوٹل کی ملکیت رکھنے والی وینکوور کی سرمایہ کاری کمپنی Pacific Reach Properties نے ایک بیان میں 1130 نیوز ریڈیو کو بتایا کہ ہوٹل کھلا رہے گا اور حالات کے مطابق مہمانوں کو اپ ڈیٹ کیا جاتا رہے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے:
"گزشتہ چند ہفتوں کے دوران معاہدے کے مذاکرات کا ایک اور دور ہوا جو بالآخر ثالثی کی طرف گیا، لیکن چند دن پہلے یہ عمل تعطل کا شکار ہو گیا، جس کے بعد یونین نے ہڑتال کا اعلان کیا اور ہوٹل کے باہر دھرنا دیا گیا۔ ہمیں امید ہے کہ بالآخر ایک معاہدہ طے پا جائے گا۔”
یونیفور لوکل 3000 شیرٹن وینکوور گلڈ فورڈ میں 120 کل وقتی اور 24 جزوقتی کارکنان کی نمائندگی کرتا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ سال رچمنڈ میں شیرٹن وینکوور ایئرپورٹ ہوٹل کے ورکرز نے 14 ماہ طویل ہڑتال کے بعد اگست میں معاہدہ منظور کیا، جس کے نتیجے میں انہیں 30.5 فیصد اجرت میں اضافہ ملا تھا۔