اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بالی وڈ کے معروف اور ہر دلعزیز اداکار دھرمیندر 24 نومبر کو 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وہ کافی عرصے سے مختلف صحت کے مسائل کا شکار تھے اور آخری دنوں میں سانس لینے میں دشواری کے باعث ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھرمیندر کو دو ہفتے قبل بھی اسی مسئلے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اس دوران بھارتی میڈیا کے بعض حلقوں نے ان کی وفات کی بے بنیاد خبریں بھی نشر کی تھیں، جنہیں بعد میں ان کے اہلخانہ نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار کی حالت تشویشناک ضرور ہے مگر وہ زندہ ہیں۔
دھرمیندر نے اپنی آخری فلم "اکیس” میں کام کیا تھا، جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونے کے لیے مقرر ہے۔ اپنے 60 سالہ فلمی کیریئر میں انہوں نے ان گنت کامیاب فلموں میں کام کیا، جن میں شعلے, یادوں کی بارات, میرا گاؤں میرا دیش, پھول اور پتھر اور دیگر کلاسک فلمیں شامل ہیں۔ بھارتی حکومت کی جانب سے انہیں 2012 میں پدم بھوشن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
پنجاب کے لدھیانہ میں کیول کرشن سنگھ دیول کے نام سے پیدا ہونے والے دھرمیندر نے 1960 میں فلم "دل بھی تیرا ہم بھی تیرے” سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ 19 برس کی عمر میں انہوں نے پرکاش کور سے شادی کی جبکہ بعد میں وہ اداکارہ ہیما مالنی کے شریکِ حیات بنے۔
بلند عمر کے باوجود دھرمیندر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سرگرم رہے۔ وہ اپنے ویڈیوز اور پیغامات میں اکثر کھیتی باڑی، صحت مند طرزِ زندگی اور مثبت سوچ اپنانے کی ترغیب دیتے تھے۔