اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہنگامہ آرائی کے الزام میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف 7 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
لاہور کے مختلف تھانوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف 7 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جن میں تھانہ سرور روڈ میں درج مقدمے میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کی قیادت پر قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت 20 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ .
ایف آئی آر کے مطابق میاں محمود الرشید اور میاں اسلم اقبال کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، عمران خان، شاہ محمود قریشی، فرخ حبیب، میاں اسلم اقبال اور میاں محمود الرشید قیادت کر رہے تھے۔ میاں محمود الرشید نے ہینڈ گن سے فائرنگ کی جس سے عبدالقادر جاں بحق جبکہ میاں اسلم اقبال نے عبداللہ نامی نوجوان کو گولی مار دی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق حماد اظہر، مسرت جمشید چیمہ، جمشید اقبال چیمہ، زبیر نیازی، اسد زمان، مراد سعید اور علی امین گنڈا پور آتشزدگی واقعات میں ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز میں مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں میں ڈی آئی جی اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت 53 پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔