اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز )مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ مہنگائی نہیں، ریلیف کا تقریبا کوئی امکان نہیں، شہباز شریف دن رات کام کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ذمہ داری دی، میری سرجری ہوئی ، نواز شریف نے میرے کنونشن کا پورا پلان سب کی مشاورت سے بنایا۔ خود بندوبست کیا، میری واپسی کی تاریخ بھی نواز شریف نے طے کی۔
ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف نے کہا کہ ہم الیکشن کے قریب جلسہ کریں گے
مریم نواز نے کہا کہ مجھے لوگوں کے ردعمل کا اندازہ نہیں تھا، ایئرپورٹ پہنچی تو لوگوں کا ردعمل شروع ہوگیا۔ مجھے امید نہیں تھی کہ بہت سے لوگ میرے استقبال کے لیے آئیں گے۔ زیادہ رسپانس ملا، لوگوں کا جذبہ ہی اصل پیمانہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہاولپور، ملتان، ایبٹ آباد میں لوگ بہت پرجوش تھے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے میرا بہت اچھا استقبال کیا، میاں صاحب کو فون کیا اور کل کے کنونشن سے آگاہ کیا۔