اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اتوار کے روز کہا ہے کہ عوام ہمارے ساتھ ہے، ہمیں جلد الیکشن کی طرف بڑھنا ہے۔
پنجاب حکومت کی کابینہ نے پی ٹی آئی سپریمو سے ملاقات کی جس میں پنجاب کے انتظامی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عمران خان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی پر کابینہ اراکین کو مبارکباد دی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے اراکین اسمبلی کو گائیڈ لائنز دیں۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی پی ٹی آئی پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب پرویز الہی ایک عملی سیاست دان ہیں، ہمیں ان کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں اور ہمیں قبل از وقت انتخابات کی طرف بڑھنا ہے کیونکہ قبل از وقت انتخابات تحریک انصاف کی ضرورت نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے۔