اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اگر آپ کسی دفتر میں کام کرتے ہیں، تو دوپہر وہ وقت ہوتا ہے جب غلطیوں کا سب سے زیادہ امکان ہوتا ہے۔
یہ دلچسپ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔جریدے پلس ون میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں 2 سال تک دفاتر میں کام کرنے والے 800 افراد کی پیروی کی گئی۔
اس تحقیق میں ماہرین نے لوگوں کے فیڈ بیک کے بجائے ٹائپنگ کی رفتار، ماؤس کی حرکت اور ٹائپنگ کی غلطیوں جیسی چیزوں کو مدنظر رکھا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ دوپہر دن کا وہ وقت ہوتا ہے جب لوگ دفاتر میں ٹائپنگ کی سب سے زیادہ غلطیاں کرتے ہیں۔یہ اثر خاص طور پر جمعہ کی دوپہر کو ظاہر ہوتا ہے، جب کمپیوٹر کی سرگرمی سست ہو جاتی ہے جبکہ ٹائپنگ کی غلطیاں بڑھ جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
دنیا کا دلچسپ اور عجیب ترین قصبہ جہاں زیادہ تر گھر 2 ممالک میں واقع ،لوگ کھانا پکاتے ایک ملک اورکھاتے دوسرے ملک میں ہیں
امریکہ کی ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے اس تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ پیر سے بدھ تک دفتری کارکن اپنے کام کو مستحکم طریقے سے مکمل کرتے ہیں لیکن جمعرات اور جمعہ کو ان کی کارکردگی خراب ہونا شروع ہو جاتی ہے۔محققین کے مطابق، تحقیق اس خیال کی تائید کرتی ہے کہ دفتری کارکنوں کے لیے 4 دن کا ورک ویک (4 دن آن اور 3 دن چھٹی) اختیار کرنا چاہیے۔سروے میں شامل 61 فیصد نے کہا کہ وہ تبدیلی کا خیر مقدم کریں گے اور 4 دن کے کاروباری ہفتے میں کام کرنے کو ترجیح دیں گے۔
ان میں سے 33 فیصد نے کہا کہ اگر انہیں 4 دن اور 3 دن کی چھٹی کہیں اور کام کرنے کا موقع ملے تو وہ اپنی موجودہ ملازمت چھوڑ دیں گے۔محققین نے کہا کہ دفتر کے لچکدار انتظامات جیسے ہائبرڈ ورک یا 4 دن کا ورک ویک ملازمین کے حوصلے اور پیداواری صلاحیت کو بہتر بناتے ہوئے طویل دفتری اوقات کے منفی اثرات کو روک سکتا ہے۔