اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکا نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران اپنے ایک اور فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے
جس کے بعد اس تنازع میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔امریکی فوج کی مرکزی کمان کے مطابق یہ فوجی یکم مارچ کو ایران کی جانب سے سعودی عرب میں قائم امریکی فوجی اڈے پر کیے گئے حملے میں زخمی ہوا تھا۔ شدید زخمی ہونے کے باعث اسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بعد میں دم توڑ گیا۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت اس وقت تک ظاہر نہیں کی جائے گی جب تک اس کے اہلِ خانہ کو باضابطہ طور پر اطلاع نہیں دے دی جاتی۔اس سے قبل کویت میں ایک ڈرون حملے کے دوران چھ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے جن کی میتیں امریکا منتقل کر دی گئی ہیں۔
ان فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے امریکی ریاست ڈیلاویئر میں واقع فوجی فضائی اڈے پر تعزیتی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔یاد رہے کہ یہ امریکی فوجی کویت کے پورٹ شعیبہ کے مقام پر تعینات تھے جہاں ایک ڈرون حملے میں وہ ہلاک ہوئے تھے۔علاقائی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے اور حالیہ واقعات سے خطے میں تنازع کے پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔