اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)کابینہ ڈویژن نے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی کے لیے توشہ خانہ کا تازہ ریکارڈ جاری کر دیا ہے، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر وفاقی وزراء اور اہم شخصیات شامل ہیں۔
تمام وصول کنندگان نے موصول ہونے والے قیمتی تحائف توشہ خانہ میں جمع کروائے، اور وفاقی حکومت نے اس فہرست کو عوام کے لیے شائع کر دیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
دستاویزات کے مطابق، اس سہ ماہی میں موصول تحائف میں مختلف اشیاء شامل تھیں، جن میں خانہ کعبہ اور مکہ مکرمہ کے ماڈلز، مختلف قسم کی پینٹنگز، پرفیومز، شیلڈز، کارپٹ، ٹی سیٹ، تلواریں، خنجر، گلدان، گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، سعودی کافی، کتابیں، رائل کیپ، یادگاریں، ٹیبل واچ، میٹرو بس کا ماڈل، قہوہ پاٹ، شرٹس، میوزیکل انسٹرومنٹس، کمبل، سکارف اور ٹائیز شامل ہیں۔ یہ تحائف مختلف ملکی اور غیر ملکی شخصیات کی جانب سے دیے گئے تھے، تاہم موجودہ سہ ماہی کی فہرست میں تحائف دینے والوں کے نام کا ذکر نہیں کیا گیا، جبکہ گزشتہ مالی سال کی ششماہی میں اس کا ریکارڈ شامل تھا۔
تحائف وصول کرنے والوں میں نہ صرف اعلیٰ سیاسی شخصیات شامل تھیں بلکہ معاون خصوصی، صدر کے ملٹری سیکریٹری اور ترجمان، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیر مملکت ریلوے و خزانہ، ڈی جی منرلز، سیکریٹری اقتصادی امور، سیکریٹری آئی ٹی اور صدر کے اے ڈی سی بھی شامل ہیں۔ کابینہ ڈویژن کے مطابق تمام تحائف کو بروقت توشہ خانہ میں جمع کروایا گیا اور اس سلسلے میں موجودہ سہ ماہی کے تحائف کا تخمینہ لگانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
توشہ خانہ کے تحائف کے یہ ریکارڈز شفافیت کی طرف اہم قدم ہیں اور عوام کو یہ جاننے کا موقع فراہم کرتے ہیں کہ ملکی اعلیٰ شخصیات کون سے قیمتی تحائف وصول کر رہی ہیں اور انہیں قانونی طریقے سے توشہ خانہ میں جمع کروایا جا رہا ہے