اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لیگی رہنماؤں کا اہم اجلاس لندن میں طلب کر لیا ہے جس میں ملک کی آئندہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے اور ممکنہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس آئندہ ہفتے لندن میں نواز شریف کے دفتر میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق لندن اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی ممکنہ تاریخ، موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی مشاورت ہوگی۔ وطن واپسی کا فیصلہ ہوا تو تاحیات نااہلی کے خاتمے، شہر واپسی اور استقبال کی تیاریاں بھی زیر غور آئیں گی۔
لندن میں آئندہ عام انتخابات میں پنجاب سمیت ملک بھر میں ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر پی ڈی ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ نواز شریف اور رانا ثناء اللہ پنجاب سے ممکنہ امیدواروں کی فہرستیں نواز شریف کو پیش کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لندن اجلاس میں آئندہ عام انتخابات سے قبل عوام کو فوری ریلیف دینے کی حکمت عملی طے کیے جانے کا امکان ہے۔ اجلاس میں مسلم لیگ کے انتخابی منشور کے نکات پر بھی حتمی غور کیا جائے گا۔
لندن اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لیے حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے ممکنہ ناموں پر بھی مشاورت ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر رہنما ممکنہ طور پر پیر یا منگل کو لندن روانہ ہوں گے۔