اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) واٹس ایپ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جسے ہر روز اربوں لوگ استعمال کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میٹا اس میں مسلسل نئے فیچرز شامل کر رہا ہے۔
مثال کے طور پر، نامناسب پیغامات کی اطلاع دینے یا نامعلوم نمبروں سے کالوں کو خاموش کرنے جیسی خصوصیات حالیہ دنوں میں متعارف کرائی گئی ہیں۔
لیکن اب اس میسجنگ ایپ نے پہلی بار بھیجے گئے پیغامات کو ایڈٹ کرنے کا فیچر متعارف کرایا ہے۔یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور ویب کے بیٹا ورژنز پر موجود تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے، لیکن عام لوگوں کے لیے اسے متعارف ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
واٹس ایپ سے خود کو غائب کیسے کیا جا سکتا ہے ؟
غیر ضروری کالز سے نجات کے لیے واٹس ایپ پر ایک زبردست فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
لیکن نئی اپ ڈیٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ایڈٹ بٹن کا فیچر بہت جلد سب کے لیے دستیاب ہوگا۔اس فیچر کے ذریعے صارفین کسی پیغام کو بھیجنے کے 15 منٹ کے اندر اندر ایڈٹ کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ استعمال کرنے والا ہر شخص روزانہ کئی پیغامات بھیجتا ہے لیکن کئی بار جلد بازی میں پیغام بھیجنے کے بعد ہمیں احساس ہوتا ہے کہ ہم سے غلطی ہو گئی ہے۔جب ایسا ہوتا ہے تو پیغام کو ڈیلیٹ کرنا پڑتا ہے کیونکہ کوئی دوسرا آپشن دستیاب نہیں ہوتا، لیکن یہ نیا فیچر اس مسئلے کو حل کرتا ہے۔جب کسی پیغام میں ترمیم کی جاتی ہے، تو ایک لیبل وقت کے ساتھ تبدیلی کی نشاندہی کرے گا۔
بیٹا صارفین اس فیچر کو کیسے استعمال کرتے ہیں؟
اگر آپ واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژنز استعمال کر رہے ہیں، خاص طور پر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر، تو یہ فیچر استعمال کرنا بہت آسان ہے۔اگر آپ آئی او ایس ڈیوائس پر واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں تو میسج بھیجنے کے بعد اسے سلیکٹ کریں، آپ کو پاپ اپ مینو میں ایڈٹ کا آپشن نظر آئے گا۔
اسی طرح اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر میسج کو سلیکٹ کرنے کے بعد اوپر دائیں جانب تھری ڈاٹ مینو پر کلک کریں تو وہاں ایڈٹ کا آپشن نظر آئے گا۔ایڈٹ آپشن پر کلک کر کے آپ اپنا پیغام تبدیل کر سکتے ہیں یا کسی غلطی کو درست کر سکتے ہیں۔جیسا کہ اوپر بتایا گیا ہے، یہ فیچر فی الحال بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے اور اسے صرف ٹیکسٹ میسجز پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔