ارد و ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) دنیا کے متعدد ممالک میں ابھی تک پانچویں جنریشن (5G) ٹیکنالوجی کو متعارف نہیں کروایا گیا لیکن ایک ملک اس سے بھی زیادہ جدید سیلولر ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔
جنوبی کوریا نے 5 سال کے اندر 6 جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔جنوبی کوریا کی وزارت سائنس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 2028 تک جنوبی کوریا میں 6 جنریشن نیٹ ورک سروسز متعارف کرائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ دنیا میں 6G ٹیکنالوجی کی آمد 2030 سے پہلے ممکن نہیں ہو گی۔جنوبی کوریا کی حکومت مقامی کمپنیوں کو اس مقصد کے لیے آلات، پرزے اور دیگر مواد تیار کرنے کے لیے مراعات فراہم کرے گی۔اسی طرح 6G نیٹ ورک کے لیے سپلائی چین کو مضبوط کرنے کے منصوبے ہیں۔
اس منصوبے کے ذریعے جنوبی کوریا 6G ٹیکنالوجی کے معاملے میں باقی دنیا کو پیچھے چھوڑنا چاہتا ہے۔2022 میں رجسٹرڈ 5G ٹیکنالوجی پیٹنٹ میں جنوبی کوریا کا حصہ 25.9 فیصد تھا، اس کے بعد چین 26.8 فیصد تھا۔
جنوبی کوریا کی حکومت کو توقع ہے کہ وہ 30 فیصد یا اس سے زیادہ 6G پیٹنٹ رجسٹر کر سکے گی۔6G ٹیکنالوجی کے بارے میں ابھی زیادہ تفصیلات نہیں ہیں، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے ہولوگرافک کمیونیکیشن کو سائنس فکشن سے حقیقت تک لے جانے میں مدد ملے گی۔