اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پی ایس ایل کے کے 11ویں ایڈیشن کا ابتدائی شیڈول تیار کر لیا گیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 26 مارچ 2026 سے ہوگا۔ افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرکا مقابلہ نئی شامل ہونے والی فرنچائز حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام فرنچائزز کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس میں مجوزہ شیڈول پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء کی تجاویز اور آراء موصول ہونے کے بعد حتمی شیڈول کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
پی ایس ایل کے اس سیزن میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے ایونٹ مزید دلچسپ ہو جائے گا۔ 22 سے 25 مارچ تک ٹیموں کے پریکٹس سیشنز ہوں گے، جبکہ روایتی طور پر پہلا میچ دفاعی چیمپیئن ٹیم کو دیا گیا ہے۔
اس بار لیگ میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز ، پشاور زلمی ، اسلام آباد یونائیٹڈ ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ نئی ٹیمیں پنڈیز، حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین اور سیالکوٹ اسٹالینز بھی ایکشن میں نظر آئیں گی۔ میچز لاہور، کراچی، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی اور پشاور میں کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی نے پشاور میں بھی میچز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے، جسے شائقینِ کرکٹ کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔28 مارچ کو پشاور زلمی کا پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف فلڈ لائٹس میں شیڈول ہے۔ کوالیفائر ون 2 مئی کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ الیمنیٹر ون اگلے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ 5 مئی کو الیمنیٹر ٹو بھی لاہور میں شیڈول ہے، جبکہ فائنل 10 مئی کو کھیلا جائے گا۔ اگرچہ فائنل کے میزبان شہر کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا، تاہم قوی امکان ہے کہ یہ میچ بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔
ملتان سلطانز کے معاہدے میں پی سی بی نے توسیع نہیں کی، جس کے بعد اس فرنچائز کے مالکان نے ٹیم کا نام تبدیل کرکے پنڈیز رکھ لیا ہے۔ دوسری جانب سیالکوٹ اسٹالینز خریدنے والی پارٹی کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، اور اطلاعات کے مطابق ایک نئی کمپنی اکثریتی شیئرز خریدنے کی خواہشمند ہے، جو ٹیم کا نام ملتان رکھنے پر غور کر رہی ہے۔ اس حوالے سے آئندہ چند روز میں صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے۔پی ایس ایل سیزن 11 میں نئی ٹیموں کی شمولیت، نئے وینیوز اور دلچسپ مقابلوں کے باعث ایونٹ کو اب تک کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز سیزن قرار دیا جا رہا ہے۔
7