اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پی ٹی آئی کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ جب عمران خان ننگے پاؤں مدینہ گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو فون آنے لگے کہ آپ کس کو لیکر آگئے ہیں
بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ جنرل باجوہ (سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ) کو بتایا گیا کہ اس شخص کو کون لایا، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہیے، باجوہ کو کہا گیا کہ ہم نے ملک میں شریعت ختم کر دی ہے اور تم ایسے شخص کو لے کر آئے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ تب سے ہمارے خلاف بہتان تراشی شروع ہوئی، میرے خلاف بہتان تراشی کی گئی، بانی پی ٹی آئی کو یہودیوں کا ایجنٹ کہا گیا۔
24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے حوالے سے بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم کو 24 نومبر کو باہر نکلنے کی کال دی ہے، بانی پی ٹی آئی نے ہر طبقے کو اس احتجاج کا حصہ بننے کا کہا ہے۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ 24 نومبر کی تاریخ بدل دی جائے، 24 نومبر کی تاریخ کسی صورت تبدیل نہیں کی جائے گی، جب تک بانی پی ٹی آئی خود تاریخ کی تبدیلی کا اعلان نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو پرامن احتجاج سے نہیں روکا جا سکتا، پی ٹی آئی بانی کسی صورت باہر نکل کر انتقام نہیں لیں گے۔