اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی وزیراعظم شہباز شریف سے لندن میں ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کے خلاف آئندہ 15 روز میں تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ملاقات میں پنجاب حکومت کی تبدیلی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، نواز شریف نے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے کی حمایت کر دی ہے۔
پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کے بعد ہی وزیراعلی کے نام پر مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پرویز الہی کے خلاف 15 روز میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے لیے ابتدائی مشاورت کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں موجودہ اپوزیشن کو ق لیگ کے بڑے گروپ اور جنوبی پنجاب کے ناراض گروپ کی حمایت حاصل ہے۔