اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر اسلام آباد پولیس کا بیان سامنے آگیا۔
ایک بیان میں اسلام آباد پولیس نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری قانونی عمل ہے، عمران خان گزشتہ پیشی پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، وارنٹ گرفتاری ان کی عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے مقدمہ نمبر 407/22 سے دہشت گردی کی دفعہ ختم کرنے کا حکم جاری کیا تھا، اس حکم کے بعد کیس کو سیشن کورٹ میں منتقل کر دیا گیا۔ ضمانت منظور نہ ہونے پر عدم پیشی کی صورت میں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے عوام سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ تھانہ مارگلہ کے ایریا مجسٹریٹ نے خاتون مجسٹریٹ زیبا چوہدری کو دھمکیاں دینے کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔