اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ جہاں سے سستا تیل ملے گا وہاں سے خریدیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ آج کہیں سے بھی سستا تیل ملے گا تو پاکستان وہاں سے تیل خریدے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے روسی تیل کا پہلا آرڈر گزشتہ ماہ (اپریل میں) دیا تھا۔ روس کا کارگو جون میں 750,000 بیرل خام تیل کے ساتھ پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔
روس سے تیل کی ترسیل دو ماہ بعد شروع ہو جائے گی: مصدق ملک
حکومت کو توقع ہے کہ 7.5 ملین بیرل خام تیل لے کر روس کا ٹیسٹ کارگو جون کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچے گا، اگر روسی تیل ریفائننگ لاگت کے بعد سستا پایا جاتا ہے تو یہ مستقبل کے ایندھن کی تجارت کا تعین کرے گا۔
دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق آبادی کے لحاظ سے دنیا کے پانچویں بڑے ملک پاکستان کو توانائی کے سنگین بحران کا سامنا ہے۔ پاکستان اپنی ضروریات کا 84 فیصد پیٹرولیم درآمد کرتا ہے جس میں سے زیادہ تر عرب ممالک سے حاصل کیا جاتا ہے۔