اردو رولڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ہینلے انڈیکس نے سال 2023 کے لیے دنیا کے مضبوط اور کمزور ترین پاسپورٹوں کی فہرست جاری کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہینلے انڈیکس کی 2023 کی فہرست میں دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ جاپان کو قرار دیا گیا جس پر 193 ممالک کا بغیر ویزے کے سفر کیا جا سکتا ہے۔
سنگاپور اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹ 192 ممالک کے بغیر ویزا کے سفر کے ساتھ مشترکہ طورپر دوسرے نمبر پر ہیں، اس کے بعد جرمنی اور اسپین ہیں۔ ان ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے بغیر ویزا کے 191 ممالک کا دورہ کر سکتے ہیں۔
اسی طرح برطانیہ کا نمبر چھٹا اور امریکہ کا نمبر ساتواں ہے جب کہ بھارت کا نمبر 85 ہے جس کے پاسپورٹ پر کوئی بھی 59 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کر سکتا ہے۔
افغانستان کا پاسپورٹ ہینلے انڈیکس میں سب سے کمزور پاسپورٹ ہے جس کی رینک سب سے کم ہے 109 جبکہ پاکستانی پاسپورٹ 106 ویں نمبر پر ہے اور پاکستان سے نیچے صرف تین ممالک بالترتیب شام، عراق اور افغانستان ہیں۔
ہینلے انڈیکس کے برعکس، متحدہ عرب امارات دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹوں کی فہرست میں سرفہرست ہے جو ایک اور ادارے آرٹن کیپیٹل نے جاری کیا ہے، جس کے شہری 181 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔
ارٹن کیپیٹل کی جانب سے چند روز قبل مضبوط اور کمزور ترین پاسپورٹوں کی فہرست بھی جاری کی گئی تھی جس میں وہ ممالک شامل ہیں جن کے حاملین بغیر ویزہ کے 174 ممالک کا دورہ کرسکتے ہیں۔
اسی طرح آرٹن کیپیٹل کے طاقتور ترین پاسپورٹوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر برطانیہ، امریکا، نیوزی لینڈ اور بیلجیئم سمیت دس ممالک ہیں۔ ان پاسپورٹ کے حامل افراد بغیر ویزہ کے 173 ممالک کا سفر کر سکتے ہیں۔
آرٹن کیپیٹل کی فہرست میں افغانستان کا پاسپورٹ بھی آخری نمبر یعنی 95 کے ساتھ کمزور ترین قرار دیا گیا جب کہ پاکستانی پاسپورٹ بھی کمزور ترین پاسپورٹوں میں شامل ہے۔