اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ایشیا کا نہیں دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے، ماحولیات کے حوالے سے پولٹری ورکرز ایل سی کی بندش سے رو رہے ہیں، چکن کی قیمت اتنی بڑھ گئی ہے جو کبھی نہیں تھی
انہوں نے شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان کو پاکستان کے لیے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک قرار دے دیا۔
وزیر خزانہ پر تنقید کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ڈار صاحب نے کہا تھا کہ ڈالر کو 200 سے نیچے لے آئیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام قومی ادارے ان لوگوں نے تباہ کر د ئیے، آپ لوگ کما رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ قوم مزید بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہو جائے، وفاقی وزیر کہتے ہیں مرغی کا گوشت استعمال نہ کریں، ایک وفاقی وزیر کہتا ہے دو پیالے نہیں، چائے کی پیالی پر گزارا کریں، لیکن ان حکمرانوں کے بچے سرکاری گاڑیوں میں عیش کرتے نظر آتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ہماری تباہی ان لوگوں کی وجہ سے ہے، تین ایٹم بم ہمارے خلاف استعمال ہورہے ہیں، شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان، یہ تینوں لوگ پاکستان کے لیے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہیں
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے بارے میں آج تک کسی حکمران نے بات نہیں کی، یہ ٹرائیکا بزدل ہے پیسے لے کر اپنے شہریوں کو امریکہ کے حوالے کرتا ہے، یہ ٹرائیکا ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سامراج کا غلام اور ایجنٹ ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں موقع ملا تو سود خور نظام کا خاتمہ کریں گے، کے پی کے حکومت پر 900 ارب روپے کا قرض ہے، موقع ملا تو عوام کی خدمت کریں گے، یہ ظالم لوگ ہیں، ان کی بلی کی خوراک فرانس سے آتی ہے، ان کے لیے کتے اور بلیاں اہم ہیں، لیکن عوام اہم نہیں ۔