اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز ) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ اتوار کو بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جس کے ذریعے پاکستان سمیت آٹھ ٹیموں نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے براہ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ورلڈ کپ سپر لیگ کے دوران 76.52 کی اوسط سے 1454 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے جس میں 9 نصف سنچریاں اور 6 سنچریاں شامل تھیں۔
پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان ورلڈ کپ سپر لیگ میں 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 155 گیندوں پر 193 رنز بنا کر سب سے زیادہ انفرادی سکور کے ساتھ سرفہرست ہیں جس میں 18 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ورلڈ کپ سپر لیگ 13 ٹیموں پر مشتمل تھی جسے اس سال بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ مقابلے کے طور پر استعمال کیا گیا تھا اور لیگ کے اختتام پر ٹاپ 8 ٹیمیں دنیا میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں
ورلڈ کپ 2023 ، قومی ٹیم کے ممکنہ اسکواڈ میں کن کھلاڑیوں کو موقع ملنے کا امکان ہے ؟
ورلڈ کپ سپر لیگ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 24 میں سے 16 میچ جیتے جب کہ موجودہ عالمی چیمپئن انگلینڈ 24 میں سے 15 میچز جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔بنگلہ دیش تیسرے، بھارت چوتھے اور پاکستان 21 میں سے 13 میچ جیت کر پانچویں نمبر پر رہا۔ آسٹریلیا چھٹے، افغانستان ساتویں اور جنوبی افریقہ آٹھویں کے ساتھ براہ راست ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ویسٹ انڈیز نویں، سری لنکا دسویں، آئرلینڈ گیارہویں، زمبابوے بارہویں اور نیدرلینڈ 13ویں نمبر پر ہے اور اب اسے ورلڈ کپ تک رسائی کے لیے کوالیفائر ٹورنامنٹ کھیلنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
بھارت ایشیا کپ کھیلنے پاکستان نہ آیا تو ورلڈ کپ کےمیچز بھی نیوٹرل وینیوز پر ہونگے،نجم سیٹھی
کوالیفائر ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں اوپر بیان کی گئی آخری پانچ ٹیموں کے علاوہ عمان، نیپال، متحدہ عرب امارات، امریکہ اور سکاٹ لینڈ شامل ہوں گے۔ کوالیفائر ٹورنامنٹ 18 جون سے زمبابوے میں شروع ہوگا، کوالیفائر راؤنڈ کے نتیجے میں مزید 2 ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ سپر لیگ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن تھا جو جولائی 2020 سے مئی 2023 کے درمیان منعقد ہوا، جس کے ذریعے ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کو حتمی شکل دینے میں مدد ملی۔