اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک میں آج میئر کے عہدے کے لیے اہم انتخاب ہو رہا ہے
مسلم اور ڈیموکریٹک امیدوار زوہران ممدانی ری پبلکن امیدوار کرٹس سیلوا اور آزاد امیدوار اینڈریو کومو کے مقابل ہیں۔ دنیا بھر کی نظریں پہلی بار اس میئر الیکشن پر جمی ہوئی ہیں۔پولنگ سے قبل زوہران ممدانی نے حامیوں کے ساتھ بروکلین برج سے سٹی ہال تک ریلی نکالی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی مخالفت اُن کے لیے کمزوری نہیں بلکہ طاقت بن چکی ہے۔ ممدانی نے کہا کہ وہ نیویارک میں مہنگائی اور بڑھتی ہوئی لاگتِ زندگی کو کم کرنا اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔
ٹرمپ اور ایلون مسک کی مخالفت کے باوجود تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ زوہران ممدانی کے لیے یہ انتخاب جیتنے کے مضبوط امکانات ہیں، اور اگر ایسا ہوا تو وہ نیویارک سٹی کے پہلے مسلمان میئر بن جائیں گے۔
امریکا کی ریاستیں ورجینیا اور نیو جرسی میں بھی گورنری الیکشن آج منعقد ہو رہے ہیں۔ ورجینیا میں ڈیموکریٹک امیدوار غزالہ ہاشمی لیفٹیننٹ گورنر کے لیے انتخاب لڑ رہی ہیں۔ وہ پہلے ہی ریاست کی پہلی مسلم اور جنوبی ایشیائی نژاد خاتون سینیٹر بن چکی ہیں، اور جیت کی صورت میں وہ امریکا کی پہلی مسلم خاتون لیفٹیننٹ گورنر کا اعزاز حاصل کریں گی۔ ان کے شوہر اظہر کا تعلق کراچی سے ہے۔
اسی ریاست میں ڈیموکریٹک امیدوار ایبیگیل اسپینبرگر کا مقابلہ ری پبلکن لیفٹیننٹ گورنر وِنسم سیئرز سے ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جو بھی امیدوار کامیاب ہو، ریاست کی تاریخ میں پہلی بار کوئی خاتون گورنر منتخب ہوگی۔
نیو جرسی میں ڈیموکریٹک امیدوار میکی شیریل اور ری پبلکن جیک کیٹریلی آمنے سامنے ہیں۔ سروے کے مطابق مقابلہ کانٹے کا ہے، تاہم ڈیموکریٹس کو اب بھی برتری کی امید ہے۔کیلیفورنیا میں ہونے والی پولنگ یہ طے کرے گی کہ اگلے سال کانگریس میں اکثریت ڈیموکریٹس کے پاس ہوگی یا ری پبلکنز کے پاس۔ گورنر گیون نیوزم کے مطابق ریاست میں پروپوزیشن 50 پر ووٹنگ مستقبل کی سیاسی صف بندی کو واضح کرے گی۔
نیوزم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سابق صدر ٹرمپ اب پہلے سے زیادہ غیر مقبول ہیں اور آئندہ انتخابات میں ری پبلکنز کو سخت نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ری پبلکن اکثریت والی ریاستیں ٹیکساس اور انڈیانا میں بھی نئی حلقہ بندیاں زیر بحث ہیں۔امریکا کی زیادہ تر ریاستوں میں پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوگی، جبکہ بعض علاقوں میں ووٹنگ کا آغاز 5 بجے یا 10 بجے کیا جائے گا۔