اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی، جس کا نتیجہ براہِ راست فائنل کی دوڑ پر اثرانداز ہوگا۔
یہ میچ بظاہر سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ جیتنے والی ٹیم ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم باہر ہو جائے گی۔گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بھارت نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بنگلہ دیش کو شکست دے دی تھی اور فائنل کے لیے اپنی سیٹ یقینی بنالی تھی۔ اس کامیابی کے بعد سپر فور مرحلے میں بھارت ناقابلِ شکست رہا ہے۔سری لنکا اپنے ابتدائی دونوں میچز میں شکست کے باعث پہلے ہی سپر فور مرحلے سے باہر ہوچکی ہے۔ اب 26 ستمبر کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانے والا میچ محض رسمی کارروائی ہوگا، جس کا ٹورنامنٹ کی صورتحال پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
پاکستانی ٹیم کے لیے آج کا میچ فیصلہ کن ہے۔ قومی ٹیم نے اس ایشیا کپ میں اب تک بھارت کے خلاف دونوں میچز کھیلے ہیں لیکن بدقسمتی سے دونوں مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود سپر فور میں ابھی بھی پاکستان کے پاس فائنل تک پہنچنے کا موقع موجود ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی پاکستان کو براہِ راست فائنل تک پہنچا دے گی، جہاں روایتی حریف بھارت ایک بار پھر منتظر ہوگا۔
فائنل کب کھیلا جائے گا؟
ایشیا کپ کا فائنل 28 ستمبر 2025 کو شیڈول ہے، جہاں بھارت کا مقابلہ آج کے فاتح (پاکستان یا بنگلہ دیش) سے ہوگا۔