اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز )برازیل میں موسم گرما ہے اور درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ اسی تناظر میں ریو ڈی جنیرو کے چڑیا گھر نے جانوروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے برف بنائی ہے جس میں انھیں اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے خون کا ذائقہ ملایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ جس طرح بادام اور پستے کو قلفی میں ملایا جاتا ہے، اسی طرح خون، مرغی کا گوشت اور ان جانوروں کا خون برف میں ملا دیا جاتا ہے جو ان درندوں کی پسندیدہ خوراک ہیں۔ اسی لیے چڑیا گھر کا شیر سمبا اور تین سالہ بلیک پینتھر اسے پسند کر رہے ہیں۔
اس کی ضرورت اس لیے پیش آئی ہے کہ عام طور پر درندے برف کو اس کے ذائقے کی وجہ سے چاٹنا پسند نہیں کرتے چڑیا گھر کے ماہرین کے مطابق شدید گرمی ان جانوروں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
لیکن درندوں کے ساتھ ساتھ مختلف پھل کھانے والے بندروں اور لنگوروں کو آئس کریمیں دی جارہی ہیں اور ان میں ان کے پسندیدہ پھل اور سبزیاں شامل کی جارہی ہیں۔ اسی طرح کچھ جانوروں کو کھیرے، سبزیوں اور کدو کو برف میں ملا کر کھلایا جا رہا ہے تاکہ وہ انہیں کھا کر پرسکون اور ٹھنڈا رہ سکیں۔