اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )حال ہی میں ریلیز ہونے والے ڈرامے بیٹیاں میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ فاطمہ آفندی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں بالی ووڈ میں کردار کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے فلموں میں جسمانی نمائش کی وجہ سے اسے ٹھکرا دیا۔
فاطمہ آفندی سابق مقبول اداکارہ اور پاکستان ٹیلی ویژن کی سابق نیوز کاسٹر فوزیہ مشتاق کی بیٹی ہیں اور اب تک کئی ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔
فاطمہ آفندی نے اپنے کیرئیر کا آغاز بچپن میں ہی چائلڈ ماڈل کے طور پر کیا تھا اور وہ پرائمری اسکول میں ہی رہتے ہوئے ببلز اور ٹافیوں کے اشتہارات میں نظر آئیں۔
اداکارہ گزشتہ دو دہائیوں سے شوبز کا حصہ ہیں اور اب تک تین درجن سے زائد ڈراموں اور ایک درجن کے قریب ٹیلی فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔
حال ہی میں ان کا مقبول ڈرامہ بیٹیاں شروع ہوا ہے جس کی کہانی کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
ڈرامے کی کہانی پانچ بیٹیوں اور ان کے والد کے گرد گھومتی ہے جو چا ہتا ہے کہ ان کی بیٹیوں کی شادی اچھی تعلیم کے ساتھ اچھے گھرانوں میں ہو۔
ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرنے کے علاوہ فاطمہ آفندی نے اپنے شوبز کیرئیر کے بارے میں بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ وہ بچپن میں شرمیلی تھیں لیکن ان کی والدہ نے ان میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے کم عمری میں ہی ماڈلنگ شروع کر ادی۔