اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت میں دولہا یا دلہن کی طرف سے چھوٹی چھوٹی بات پر منڈپ میں شادی سے انکار کرنا عام ہوتا جا رہا ہے اور ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد میں سسرال والوں کو پرانا فرنیچر جہیز کے طور پر ملنے پر دولہے نے عین وقت پر شادی سے انکار کردیا۔
دولہا بس ڈرائیور ہے اور اتوار کو اس کی شادی ہونی تھی لیکن جہیز میں پرانا فرنیچر ملنے کی خبر سن کر اس نے دلہن کے گھر جانے سے انکار کر دیا۔دولہے کے وقت پر شادی سے انکار پر دلہن کے والد نے پولیس میں شکایت درج کرائی اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
دلہن کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ جب میں دولہے کے گھر شادی سے انکار کی وجہ پوچھنے گیا تو لڑکے کے والد نے مجھ سے بہت بدتمیزی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ غربت کی وجہ سے وہ انہیں وہ سامان نہیں دے سکے جو دولہا نے جہیز کے طور پر مانگا تھا جبکہ دیا گیا فرنیچر بھی پرانا تھا جس کی وجہ سے لڑکے نے شادی سے انکار کر دیا۔
پولیس کے مطابق جہیز امتناع ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔