اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیلی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ڈینیئل کارمون نے کہا کہ کارگل جنگ کے دوران اسرائیل ان چند ممالک میں سے ایک تھا جنہوں نے بھارت کو ہتھیار فراہم کیے تھے۔2014 سے 2018 تک ہندوستان میں اسرائیلی سفیر کے طور پر خدمات انجام دینے والے ڈینیئل کارمون نے کہا کہ ‘ہندوستانیوں نے ہمیشہ ہمیں یاد دلایا کہ کارگل جنگ کے دوران اسرائیل ہمارے ساتھ تھا، ہندوستانی اسے کبھی نہیں بھول سکتے اور اب وہ ممکنہ طور پر احسان واپس کر رہے ہیں ۔
سابق اسرائیلی سفیر کا یہ بیان مختلف رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارت نے غزہ جنگ کے لیے اسرائیل کو ڈرون اور گولہ بارود فراہم کیا ہے۔فروری 2024 میں، میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ہندوستان نے اسرائیل کو 20 جدید ترین ہرمیس 900 ڈرون فراہم کیے ہیں۔یہ ڈرون حیدرآباد دکن کی فیکٹری میں تیار کیے گئے تھے اور یہ فیکٹری خود اسرائیل نے قائم کی تھی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق مئی میں اسپین نے بھارت سے اسرائیل جانے والے ایک کارگو جہاز کو روکا تھا۔اس جہاز پر 27 ٹن فوجی سامان تھا۔بھارتی حکومت کی جانب سے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی سابق اسرائیلی سفیر کے بیان پر کوئی ردعمل جاری کیا گیا ہے۔