اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )23 نومبر کو جی ایچ کیو میں یوم شہدا کی تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی الوداعی تقریر کے بعد اداکارہ مایا علی اچانک ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئیں۔
قمر جاوید باجوہ چند روز بعد اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے اور حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مایا علی کی جی ایچ کیو میں یوم شہدا کی تقریب کی میزبانی کے دوران کہی گئی چند باتیں ہیں جن کی وجہ سے وہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئیں اور لوگوں نے ان کے دعووں پر تبصرے کیے۔
مایا علی نے میزبانی کے دوران ایک موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب تاریخ قمر جاوید باجوہ کا تذکرہ کرتی ہے تو ان کا نام دنیا کی مشکل ترین جنگ لڑنے والے آرمی چیفس کی فہرست میں لکھا جانا چاہیے۔
اداکارہ کے اس جملے کی وجہ سے وہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنی رہیں اور لوگوں نے ان کے بیان پر مختلف میمز شیئر کیے۔
مایا علی کے مذکورہ بیان کے وقت کیمرہ مین نے آرمی چیف کی ایک جھلک بھی دکھائی جس میں انہیں خاموش دیکھا جا سکتا ہے۔