اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امریکہ میں اخبارات کا شعبہ زوال پذیر ہونے لگا ایک حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ 2005 سے ہر ہفتے اوسطاً دو اخبارات بند ہوتے ہیں۔
نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے سکول آف جرنلزم، میڈیا اور انٹیگریٹڈ مارکیٹنگ کمیونیکیشنز کی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ مسئلہ کی شدت کو محسوس کرنے کے باوجود امریکہ میں اخبارات خطرناک حد تک بند ہو رہے ہیں۔
تحقیق کے مطابق 2005 میں امریکہ بھر میں شائع ہونے والے اخبارات کی تعداد 8,891 تھی جو اب کم ہو کر 6,377 رہ گئی ہے۔
کورونا وبا کے دوران، 2019 کے آخر سے اب تک 360 اخبارات بند ہو چکے ہیں، جن میں 24 اخبارات ایسے ہیں جو چھوٹی برادریوں کے لیے ہفتہ وار تھے۔
تحقیق کے مطابق 2006 میں تقریباً 75 ہزار صحافیوں نے اخبارات میں کام کیا لیکن یہ تعداد کم ہو کر 31 ہزار رہ گئی ہے۔
تحقیق کے مطابق اخبارات کی سالانہ آمدن بھی 50 ارب ڈالر سے کم ہو کر 21 ارب ڈالر رہ گئی ہے۔
اخبارات کے شعبے میں تنزلی کی وجوہات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اخبارات کے زوال کی بڑی وجہ کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے اس شعبے کے زوال میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اخبارات کی بندش تشویشناک ہے، بند ہونے والے بیشتر اخبارات مقامی اخبارات ہیں۔