اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)جماعتِ اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت امریکی دباؤ میں خاموش ہے، مگر سوال یہ ہے کہ پی ٹی آئی بھی حماس کی حمایت اور امریکا کی مذمت سے کیوں گریزاں ہے؟
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی کے عوام نے فلسطین کے ساتھ جس جذبے سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تعریف ہے۔ پاکستانی عوام نے امریکی "ٹرمپ امن منصوبے” کو مسترد کر کے واضح کر دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے حق میں مضبوط مؤقف رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مجبوری سمجھ آتی ہے، مگر اپوزیشن جماعت کو کسی دباؤ کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ پوری قوم یہ سوال اٹھا رہی ہے کہ پی ٹی آئی فلسطینیوں کے حق میں آواز کیوں نہیں اٹھا رہی۔
سیلاب متاثرین کے حوالے سے لیاقت بلوچ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر لازم ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی کو قومی ذمہ داری سمجھیں۔ صوبوں کی آپسی سیاسی کھینچا تانی کا نقصان براہ راست متاثرین کو پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب، اسلام آباد اور کوئٹہ کے عوام کو فوری بلدیاتی حقوق دیے جائیں تاکہ مقامی مسائل کا حل ممکن ہو۔ طلبہ کے مسائل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسٹوڈنٹس یونینز کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ نوجوان اپنی آواز منظم انداز میں بلند کر سکیں۔