اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث قومی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
کراچی میں پاکستان کی معیشت کی موجودہ حالت” پر ایک مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے اور کاروباری طبقے کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دانشمندانہ پالیسیاں اپنا کر ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سیلاب نے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شفاف طریقے سے 28 ارب روپے کی رقم تقسیم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر متاثرہ خاندانوں کو 25 ہزار روپے کی رقم منتقل کی جا رہی ہے تاکہ وہ راشن کی ضروریات پوری کر سکیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو اس آزمائش کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے معاوضہ دیا جائے گا، حتیٰ کہ پی ایس ڈی پی کے فنڈز کو ان کی بحالی کے لیے بھی موڑ دیا جائے گا۔