برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی کے لیے تجارتی اصلاحات ضروری،عالمی بینک کا پاکستان کومشورہ

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے 10 تجارتی شراکت داروں کے ساتھ موجود غیر متوازن ترجیحی تجارتی معاہدوں (PTA) کو بہتر بنائے، مارکیٹ پر مبنی اور لچکدار زرِمبادلہ کی شرح کو یقینی بنائے اور توانائی و دیگر ان پٹ لاگتوں میں اصلاحات کے ذریعے گزشتہ تین دہائیوں سے گرتی ہوئی برآمدات کو دوبارہ فروغ دے۔ اس کے ذریعے ملک میں پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تقریباً تمام ممالک جنہوں نے تیز اور پائیدار معاشی ترقی حاصل کی، انہوں نے یہ کامیابی عالمی منڈیوں سے فائدہ اٹھا کر حاصل کی، لیکن پاکستان اس راستے پر کامیابی سے نہیں چل سکا۔ برآمدات کا حجم 1990 کی دہائی میں مجموعی قومی پیداوار (GDP) کے 16 فیصد سے گھٹ کر 2024 میں صرف 10 فیصد کے قریب رہ گیا، اور زیادہ تر برآمدات کم قیمت والے ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات پر انحصار کرتی ہیں۔

عالمی بینک نے تجویز دی ہے کہ پاکستان برآمدی مسابقت برقرار رکھنے کے لیے زرِمبادلہ کی لچکدار شرح اپنائے، ٹیرف میں اصلاحات کرے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی غیر ضروری مداخلت کے بغیر ایک فعال انٹربینک مارکیٹ قائم کرے، جس میں برآمد کنندگان، درآمد کنندگان اور غیر ملکی سرمایہ کار شامل ہوں۔ اس سے زرِمبادلہ کی حقیقی طلب و رسد کی عکاسی ہوگی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمزور برآمدی کارکردگی کی بنیادی وجوہات میں بلند ٹیرف رکاوٹیں، زیادہ پیداواری لاگتیں، مہنگے نرخ، غیر ضروری سرکاری قواعد و ضوابط اور 200 سے زائد وفاقی اداروں کی موجودگی شامل ہیں، جس سے سرمایہ کاری محدود ہوئی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم پیدا ہوئی۔

کسٹمز مینجمنٹ اور لاجسٹکس کی زیادہ لاگت اور بیرونی منڈیوں میں رسائی کے لیے حکومت کی ناکافی معاونت نے بھی برآمدات کو متاثر کیا۔ عالمی بینک کے مطابق یہ تمام عوامل تقریباً 60 ارب ڈالر کی ممکنہ برآمدات کو ’کھوئے ہوئے مواقع‘ میں بدل چکے ہیں۔

عالمی بینک نے سفارش کی کہ ترجیحی اور آزاد تجارتی معاہدوں کو مزید گہرا کیا جائے تاکہ تجارتی رکاوٹیں کم ہوں، کسٹمز، معیار اور سرمایہ کاری کے ضوابط میں سہولت پیدا ہو اور برآمد کنندگان کے لیے سازگار ماحول قائم ہو۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں