اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سوئنگ کے بادشاہ سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں جس جگہ پاکستان کا میچ شیڈول ہے وہیں جا کر کھیلنا چاہیے ، میگا ایونٹ میں وینیو کا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔
وسیم اکرم نے ایک تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بھارت میں بطور کمنٹیٹر اور سابق کھلاڑی کا اچھا تجربہ رہا ہے، جو بھی بھارت جاتا ہے چاہے وہ اداکار ہو یا کھلاڑی، اسے اچھا رسپانس ملتا ہے۔
سوئنگ کے بادشاہ کہے جانے والے لیجنڈری فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ چیزیں دو حکومتوں کے درمیان ہیں، امید ہے کہ بھارت میں ورلڈ کپ کا انعقاد اچھے طریقے سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کا شیڈول دیکھ کر مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ آگے بڑھ سکتی ہے۔
وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی میں چیئرمین کی تبدیلی کا اثر پڑتا ہے، چیئرمین کی تبدیلی سے کرکٹ کا ڈھانچہ اور کھلاڑی متاثر ہوں گے، حکومتوں کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے اور حکومتی معاملات کو وہی سمجھ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
زندگی میں بہت مشکل وقت دیکھا،دنیا تعریف،پاکستانی فکسر کہتے ہیں،وسیم اکرم
شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی بہترین ٹیلنٹ کے حامل ہیں اور ابھی نوجوان ہیں، وہ ورلڈ کلاس باؤلر ہیں، وہ جتنا زیادہ کھیلیں گے اتنا ہی اچھا ملے گا۔انہوں نے کہا کہ تنقید ہر حال میں ہوتی ہے ۔
اگر پاکستانی کوچ بنایا جائے تو اسے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اگر کسی غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں تو اسے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ہم کسی بھی حال میں خوش نہیں رہ سکتے۔ تاہم، یہ پہلی بار ہے جب میں نے آن لائن کوچنگ کے بارے میں سنا ہے۔