اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مینز انڈر 20 ورلڈ جونیئر ہاکی چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں کینیڈا نے اعصاب شکن اور تیز رفتار مقابلے کے بعد چیک ری پبلک کو 5 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست دے دی۔
منی ایپولس میں کھیلے گئے اس ہائی اسکورنگ میچ میں شائقین کو ابتدا سے آخر تک بھرپور سنسنی دیکھنے کو ملی، جہاں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔کینیڈا کی جانب سے زین پاریکھ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دو گول اسکور کیے جبکہ ایتھن میک کینزی نے تیسرے پیریڈ میں فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ میچ میں مائیکل ہیگ اور میک کینزی نے ایک ایک گول کرنے کے ساتھ دو، دو اسسٹ بھی فراہم کیے۔ بریڈی مارٹن نے ایک گول اور ایک اسسٹ کے ذریعے اسکور بورڈ کو متحرک رکھا، جبکہ پورٹر مارٹون نے آخری لمحات میں خالی جال میں گول کر کے کینیڈا کی جیت پر مہر ثبت کی۔کینیڈین ٹیم کے نوجوان اسٹار گیون میک کینا، جو 2026 کے این ایچ ایل ڈرافٹ میں ممکنہ طور پر پہلی انتخاب سمجھے جا رہے ہیں، اگرچہ خود گول نہ کر سکے لیکن انہوں نے دو شاندار اسسٹ دے کر میچ میں اہم کردار ادا کیا۔ کول بیوڈوئن نے بھی دو اسسٹ کے ساتھ ٹیم کی کامیابی میں حصہ ڈالا۔ گول کیپر کارٹر جارج نے 28 سیوز کر کے کئی خطرناک حملوں کو ناکام بنایا۔
چیک ری پبلک کی جانب سے توماس پولیٹن نے دو گول کیے جبکہ وویتخ سیہار نے ایک گول کے ساتھ دو اسسٹ دیے۔ پیٹر سیکورا اور توماس گالواس نے ایک ایک گول کیا۔ چیک گول کیپر میخال اورسولاک نے 20 شاٹس روکے تاہم وہ کینیڈا کے دباؤ کو مکمل طور پر روک نہ سکے۔ ویکلاو نیسٹرسیل نے تین اسسٹ اور ایڈم بینک نے دو اسسٹ فراہم کیے۔کینیڈا، جو اس ایونٹ میں ریکارڈ 21ویں طلائی تمغے کا خواب دیکھ رہا ہے، پچھلے دو برس کی ناکامیوں کے بعد مضبوط واپسی کا خواہاں ہے۔ گزشتہ دو ٹورنامنٹس میں چیک ری پبلک نے کینیڈا کو کوارٹر فائنلز میں شکست دے کر اس کے عزائم خاک میں ملا دیے تھے، جن کے بعد چیک ٹیم دونوں مرتبہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔میچ کے دوران کینیڈین شائقین نے بھی بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ وارم اپ کے دوران ایک بینر پر "Make Canada Great Again” درج تھا جو توجہ کا مرکز بنا۔ کینیڈا نے سفید جرسی اور سرخ میپل لیف کے ساتھ میدان میں اتر کر روایتی اعتماد کا اظہار کیا۔
تیسرے پیریڈ کے آغاز میں جب اسکور 3-3 سے برابر تھا، کینیڈا کو پاور پلے ملا۔ زین پاریکھ نے گیون میک کینا کے ڈیفلیکٹڈ پاس کو شاندار انداز میں کنٹرول کر کے اپنا دوسرا گول داغا اور ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی کیونکہ پولیٹن نے دفاعی بے ترتیبی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور ایک بار پھر برابر کر دیا۔میچ کا فیصلہ کن لمحہ اس وقت آیا جب تیج ایگینلا، جو ہاکی لیجنڈ جاروم ایگینلا کے صاحبزادے ہیں، نے تیز رفتار حملے پر گول کر کے کینیڈا کو دوبارہ آگے کر دیا۔ اس کے چند ہی منٹ بعد ایتھن میک کینزی نے ایک شاندار پاس پر گول کر کے برتری کو دو گول تک بڑھا دیا۔ پانچ منٹ سے کچھ زائد وقت میں کیے گئے چار کینیڈین گولز نے میچ کا رخ بدل دیا۔