اردو رلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) گوگل کی ذیلی ویڈیو اسٹریمنگ سروس یوٹیوب نے دیکھنے کے وقت (Viewtime) کے اعتبار سے نیٹ فلکس اور ڈزنی پلس دونوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اب یوٹیوب کا ٹی وی دیکھنے کا وقت ان دونوں پلیٹ فارمز کے مجموعی وقت سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔نِلسن کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، امریکا میں ٹیلی ویژن دیکھنے کے کل وقت کا 12.5 فیصد صرف یوٹیوب پر صرف کیا جا رہا ہے۔ یہ وہ موقع ہے جب تاریخ میں پہلی بار اسٹریمنگ نے کیبل اور براڈکاسٹ ٹی وی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ماہرین کے مطابق جب بڑے میڈیا ادارے اربوں ڈالر خرچ کرکے ناظرین کو سبسکرپشن ماڈلز کے ذریعے قیمتی مواد فراہم کرنے کی دوڑ میں مصروف ہیں، یوٹیوب نے بالکل مختلف حکمتِ عملی کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی تفریحی سلطنت کھڑی کر دی ہے، جس کی بنیاد صارفین کے بنائے گئے ویڈیوز، پوڈکاسٹس اور دیگر مواد پر ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق یوٹیوب پر دیکھے جانے والے 49 فیصد ویڈیوز کی مدت 11 منٹ یا اس سے زیادہ ہے، جبکہ ٹی وی اسکرینز پر یوٹیوب دیکھنے والے 60 فیصد سیشن آدھے گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ دیر تک جاری رہتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یوٹیوب کا یہ بڑھتا ہوا رجحان نہ صرف اسٹریمنگ انڈسٹری کے لیے ایک نیا چیلنج ہے بلکہ یہ روایتی میڈیا کی گرتی ہوئی مقبولیت کی واضح عکاسی بھی کرتا ہے۔