54
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی قرارداد مسترد کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ کے روز سلامتی کونسل میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت ایران پر اقتصادی پابندیوں میں نرمی کی تجویز دی گئی تھی۔ تاہم یہ قرارداد مطلوبہ ووٹ حاصل نہ کر سکی اور ناکام ہو گئی۔سلامتی کونسل کے اجلاس میں 4 ممالک نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ 9 ممالک نے اس کی مخالفت کی۔ اس کے علاوہ 2 ممالک ووٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔ پاکستان، چین، روس اور الجزائر ان ممالک میں شامل تھے جنہوں نے ایران کے حق میں ووٹ ڈالا۔
قرارداد مسترد ہونے کے بعد ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔ مبصرین کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں ایران اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایران کے جوہری پروگرام اور خطے میں اس کے کردار کے حوالے سے عالمی سطح پر جاری اختلافات کو مزید گہرا کر دے گا۔ ساتھ ہی یہ صورتحال مشرقِ وسطیٰ میں استحکام اور عالمی توانائی منڈیوں پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ 2015 میں طے پانے والے "ایران نیوکلئیر ڈیل” کے تحت ایران پر عائد کئی پابندیاں نرم کر دی گئی تھیں، تاہم بعد ازاں امریکا کے یکطرفہ انخلا اور نئے حالات کے باعث یہ معاہدہ شدید دباؤ کا شکار رہا ہے۔ اب سلامتی کونسل کے اس فیصلے کے بعد ایران پر دوبارہ دباؤ بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔